ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کثیر الجہت شخصیت کے مالک ٹیپو سلطان ایک بڑے محقق تھے : ضلع بھر میں ٹیپو جینتی

کثیر الجہت شخصیت کے مالک ٹیپو سلطان ایک بڑے محقق تھے : ضلع بھر میں ٹیپو جینتی

Fri, 11 Nov 2016 21:38:21    S.O. News Service

کاروار:11/نومبر (ایس او نیوز) انگریزوں کے خلاف مسلسل لڑائی لڑتے ہوئے سب سے پہلے انگریزوں کو روکنے کی تدبیر کرنے میں ٹیپو سلطان کی دوراندیشی قابل ستائش اور تاریخ کا سنہرا باب  ہے۔ ان کی تحقیق کردہ راکٹ ٹکنالوجی کو یورپین ممالک نے اپنی جنگوں میں استعمال کیا ہے۔در اصل ٹیپو سلطان ایک کثیر الجہت شخصیت کے مالک تھے اور ایک بڑے محقق کے طورپر وہ ہمارے سامنے آتے ہیں۔ان خیالات کااظہار اترکنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس نکول نےکیا۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کاروار کے رنگ مندر میں  منعقدہ ٹیپو سلطان جینتی کاافتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیپوکی  ہمیشہ جدید راہوں کی تلاش میں رہنے والی صفت مجھے  بہت پسند آتی ہے ۔ عالمی سطح پر سب سے پہلے ٹیپو نے ہی راکٹ کی تحقیق کی ۔ اس کے زمانے میں تعمیر کردہ منادر آج بھی اس کے سکیولرزم کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ وہ ایک ایسا خوددار اور مرد مجاہد ہے کہ جس نے انگریزوں کے خلاف لڑائی کرتے ہوئے اپنے بچوں کو تک رہن میں دیا تھا۔

خصوصی مقالہ پیش کرتے ہوئے بزرگ صحافی رمضان درگاہ  نے کہاکہ  اپنے ہم جنس کی عزت و احترام کرنا ہی ہماری تہذیب و ثقافت ہے ، لیکن موجودہ دنوں میں لوگ اس کو بھولتے جارہے ہیں جو بہت ہی افسوس کی بات ہے۔ ٹیپو سلطان کو ایک مسلمان اور حکمران کے طورپر دیکھنے کے بجائے دوسروں کی عزت ، کرنے والے ، مذہبی رواداری جیسی اہم صفات کا حامل انسان یقیناً سب کے احترام کے قابل ہے۔ٹیپو کو کسی ایک مذہب کی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کی ملکیت و جائیداد ہیں۔ اس کی حکومت ہمیشہ کے لئے ایک مثالی حکمرانی کے طورپر یاد رہے گی۔

موصوف نے کہاکہ ملک کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والوں اور قربان کرنے والوں کی بے عزتی کرنا بھی دیش غداری  کے مساوی ہے۔ ٹیپو سلطان آزادی سے پیار کرنےو الا حکمران تھا، اس کے علاوہ خود تاریخ گواہی دیتی ہے کہ ٹیپو سلطان نے انگریزوں کے خلاف جنگیں لڑی ہیں۔ انگریزوں کے غلام حیدرآباد نظام کے ساتھ اپنے تعلقات توڑلینے کی مثالیں ملتی ہیں۔ اس کی فوج میں زیادہ تر ہندو فوجی ہونے کی دلائل موجود ہونے کی بات کہی۔      

صدارت کرتے ہوئے ضلع پنچایت کے کارگزار افسر ایل چندر شیکھر نایک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیروں کے خلاف بہادری سے لڑنے والے ٹیپو کی تاریخ ایک مثالی حیات کے مالک تھے۔ کنڑا محکمہ کے افسر شفیع سعدالدین نے استقبال کیا۔ استاد مادھورانے نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شکریہ اداکیا۔ پروبیشنری آفیسر فوزیہ ترنم، ڈی وائی ایس پی پرمود راؤ این ٹی ڈائس پر موجود تھے۔ اس موقع پرمختلف اسکولوں کے طلبا نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ پروگرام میں مختلف محکمہ جات کے افسران ، مسلم اداروںکے عہدیداران ، لیڈران اور عوام کے علاوہ اسکول اور کالجوں کے طلبا و طالبات بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پولس کا زبردست بندوبست کیا گیا تھا۔

کمٹہ :ٹیپو ایک قابل حکمران

ہندوستان میں زراعت اور زرعی تجارت کو فروغ دیتے ہوئے ملکی  آزادی کی خاطر  انگریزوں کے خلاف زبردست جدوجہد کرنے والے ٹیپو سلطان ایک قابل اور کثیر جہت حکمران ہونے کا ڈاکٹر اے وی بالیگا آرٹس ، سائنس کالج کے شعبہ تاریخ کے صدر ایم جی نائک نے خیال ظاہر کیا۔

تعلقہ انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں خصوصی مقالہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر ایم جی نائک نے کہاکہ اپنے والد حیدرعلی کے انتقا ل کی خبر ملنے کے باوجود جنگ روکنے کے بجائے انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئے انہیں شکست فاش دینے والا حقیقی مجاہد ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر رمیش کلسد نے کہا کہ تاریخ کے حوالے سے بات کریں تو جدید زمینی تحصیل نظام، نئے سکوں کو رائج کرنے ، راکٹ کا استعمال وغیرہ ٹیپو کے دورحکومت کی اعلیٰ پالیسی مثالی ہیں۔ تعلقہ پنچایت صدر وجیا پٹگار نے پروگرام کاافتتاح کیا۔ بلدیہ صدر سنتوش نائک نے صدارت کی۔ تحصیلدار میگھ راج ، افسر آر جی گنگا وغیرہ موجود تھے۔

ہوناور:ٹیپو سلطان،انگریزوں کے ماتحت نہ رہ کر اپنی الگ پہچان بنانے والے راجا

انگریزوں کے خلاف ہارے ہوئے کئی راجا، مہاراجا ان کی ماتحتی کو قبول کرکے حکمرانی کے دورمیں ٹیپو سلطان نے دیگر راجاؤں کی طرح انگریزوں کی ماتحتی کو قبول نہ کرتے ہوئے اپنی ایک الگ پہچان بنانے والے حکمران تھے۔ ان خیالات کااظہار ایس ڈی ایم کالج کے سیاسیات کے لکچرر ایم آر نایک نے کیا۔

تعلقہ انتظامیہ ، تعلقہ پنچایت اور پسماندہ طبقات اور اقلیتی محکمہ جات کے اشتراک سے منعقدہ ٹیپو جینتی پروگرام میں موصوف خصوصی مقالہ پیش کررہے تھے۔ مقامی تحصیلدار وی آر گوڈا نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ اخلاقی صفات کے حامل شخصیات کے متعلق حکومت پروگرام منعقد کرتی ہے۔ پنچایت کی صدر زینت بی اسماعیل صاحب نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ کئی افسران پروگرام میں موجود تھے۔ مظفر کی تلاوت قرآن سے پروگرام کا آغازہوا۔ کھیل آفیسر سدھیش نائک نے استقبال کیا تو حسین قادری نے شکریہ اداکیا۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ پروگرام کے لئے مدعو کئے گئےارکان اسمبلی کے علاوہ کئی لوگ غیر حاضر تھے۔

اسی طرح سداپور، یلاپور  ، ہلیال ، ڈانڈیلی اورسرسی میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے ٹیپو جینتی منائی گئی ۔ سرسی کے پروگرام میں اے سی کے راجو موگویر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیپو سلطان ایک راجا ہوتے ہوئے ماہر  فلکیات ، خلا کا ماہر، قانون داں، ریاضی داں سمیت اپنے کتب خانے میں ہزاروں کتابوں کا ذخیرہ رکھنے والا قابل حکمران تھا۔  تاریخ کے صفحات پر کئی راجاؤں کی حکومتوں کی تفصیلات ملتی ہیں۔ لیکن ان میں ٹیپو سلطان کرناٹکاکی تاریخ میں ایک مثالی حکمران کے طورپر اپنی پہچان آج بھی بنائے رکھے ہیں۔ ٹیپو کی حکمرانی عوامی فلاح و بہبودی ، ذات پات کی تفریق کئے بغیر سب کی عزت کرنےو الی حکومت تھی۔ شرنگیری مٹھ کے خطوط اس کے شواہد پیش کرتے ہیں۔


Share: